وائناڈ، 5/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس کی جنرل سکریٹری اور وائناڈ کے ضمنی انتخاب میں یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کی امیدوار پرینکا گاندھی نے بی جے پی پر شدید تنقید کی ہے۔ پیر کے روز انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے جولائی میں وائناڈ میں ہونے والی لینڈ سلائڈنگ کے سانحے کو بھی سیاست کے لیے استعمال کیا۔ پرینکا نے کہا کہ بی جے پی پورے ملک میں نفرت اور تقسیم کا ماحول پیدا کر رہی ہے اور اس کی سیاسی شناخت غصے اور تباہی پر مبنی ہے۔
انتخابی مہم کے دوسرے دن کی شروعات کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے سلطان باتھری حلقہ اسمبلی کے کینیچیرا میں ایک نکڑ جلسہ کو خطاب کیا۔ وہاں انہوں نے کہا کہ ’’جس آفت سے لوگوں کو کافی تکلیف ہوئی، اس پر بھی بی جے پی سیاست کر رہی ہے... ہم ایک ایسی جگہ پر کھڑے ہیں، جہاں آپ کو اپنے ملک، اپنی ضرورتوں اور آپ جس طرح کی سیاسات چاہتے ہیں، اس کے بارے میں سوچنا چاہئے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگوں کو درپیش حقیقی مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور ان کے مسائل اب تک حل نہیں کئے گئے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ بے روزگاری اب تک کی بلند ترین سطح پر ہے اور قیمتیں لگاتار بڑھ رہی ہیں، جن کے رکنے کا کوئی آثار نظر نہیں آ رہا ہے۔ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’سیاست ان مسائل کو حل کرنے پر مرکوز نہیں ہے۔ بی جے پی کی سیاست کا مقصد پوری طرح سے آپ کی توجہ اپنے مسائل سے ہٹانا ہے، کیونکہ اس کا واحد مقصد اقتدار میں بنے رہنا ہے، چاہے کوئی بھی قیمت چکانی پڑے۔‘‘
کانگریس جنرل سکریٹری نے بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ لینڈ سلائڈنگ سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لئے ضروری امدادی رقم فراہم کرنے میں وہ ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر آپ مجھے پارلیمنٹ میں اپنی نمائندگی کا موقع دیتے ہیں تو میں آپ کو دکھاؤں گی کہ آپ کے لئے کسی اور کے مقابلے میں زیادہ محنت کر سکتی ہوں۔ میں آپ کے مسائل کو ہر جگہ اٹھاؤں گی۔ میں آپ کے لئے لڑوں گی، ریاستی اور مرکزی دونوں حکومتوں پر دباؤ ڈالوں گی۔‘‘